اٹلی میں پاکستانی نوجوان نوید اسلم کی بہادری، جان خطرے میں ڈال کر دو بچوں کو بچا لیا

اٹلی کے شہر بریشا میں مقیم پاکستانی نوجوان نوید اسلم نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ایک سرپھرے حملہ آور سے دو معصوم بچوں کی جان بچا لی۔ نوید اسلم کا تعلق پاکستان کے ضلع گجرات سے ہے۔اطلاعات کے مطابق بریشا کے ایک مقامی پارک میں ایک نائجیرین باشندے نے کھیلتے ہوئے دو بچوں پر اچانک حملہ کر دیا اور ان کی گردن دبا کر انہیں قتل کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران پارک میں موجود لوگ خوف کے باعث پیچھے ہٹ گئے، تاہم نوید اسلم نے فوری مداخلت کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں کر لیا اور پولیس کی آمد تک اسے مضبوطی سے پکڑے رکھا، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔نوید اسلم دل کے عارضے میں مبتلا ہیں اور چند ماہ قبل ہی انہیں پیس میکر لگایا گیا تھا، اس کے باوجود انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر بچوں کی جان بچانے کے لیے بہادری کا مظاہرہ کیا۔ان کے اس جرات مندانہ اقدام پر بریشا کی میئر لاورا کاسٹیلیتی نے انہیں خصوصی تقریب میں مدعو کرکے یادگاری شیلڈ سے نوازا اور ان کی شہری ذمہ داری اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ پاکستانی نوجوان کے اس کارنامے کو مقامی کمیونٹی اور سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔