ناراں میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی کوشش، ویگو دریائے کنہار میں بہہ گئی، 4 سیاح محفوظ

سیاحتی مقام ناراں میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی کوشش کے دوران سرگودھا سے تعلق رکھنے والے چار دوستوں کی ویگو گاڑی دریائے کنہار کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی، تاہم رافٹنگ ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت بچا لیا۔ڈی ایس پی صداقت خان کے مطابق چار دوست ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی غرض سے اپنی ویگو گاڑی دریائے کنہار سے گزارنے کی کوشش کر رہے تھے کہ گاڑی تیز موجوں کی نذر ہو گئی۔موقع پر موجود رافٹنگ ٹیم نے فوری اور بہادرانہ کارروائی کرتے ہوئے گاڑی میں سوار چاروں سیاحوں کو محفوظ نکال لیا، جبکہ دریا میں بہہ جانے والی گاڑی کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ڈی ایس پی صداقت خان نے سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ تفریحی مقامات پر صرف قدرتی حسن اور خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوں اور ممنوعہ مقامات پر غیر ضروری مہم جوئی کر کے اپنی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پہاڑوں پر برف تیزی سے پگھل رہی ہے، جس کے باعث دریاؤں میں پانی کا بہاؤ اچانک بڑھ جاتا ہے اور یہ صورتحال کسی بھی وقت انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔