نئی نجی ایئرلائن ’ساؤتھ ایئر‘ کو ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ جاری

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نئی نجی ایئرلائن ساؤتھ ایئر کو ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ہے، جس کے بعد ایئرلائن آئندہ چند روز میں اپنا باقاعدہ فلائٹ آپریشن شروع کرے گی۔سرٹیفکیٹ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار کے دستخط سے جاری کیا گیا، جبکہ وزارت دفاع اور سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس عمل میں مکمل تعاون فراہم کیا۔ڈی جی نادر شفیع ڈار نے کہا کہ ملکی ہوا بازی کے شعبے کے فروغ کے لیے سی اے اے اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گی۔ساؤتھ ایئر پاکستان بھر کے تمام ایئرپورٹس پر اپنی پروازیں چلائے گی۔ اس سے قبل ایئرلائن نے نیو گوادر ایئرپورٹ اور سکھر ایئرپورٹ کے لیے کامیاب ٹیسٹ پروازیں بھی چلائی تھیں، جن کے دوران سول ایوی ایشن کے انسپکٹرز نے حفاظتی اور آپریشنل معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔