ایف بی آر نے مالی سال 2026 کا 100 فیصد ٹیکس ہدف حاصل کر لیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 2026 کے لیے مقرر کردہ ٹیکس وصولیوں کا 100 فیصد ہدف حاصل کر لیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 13 ہزار 601 ارب روپے ٹیکس جمع کیا گیا۔ادارے کے مطابق مالی سال 2026 میں 597 ارب روپے کے ریفنڈز ادا کیے گئے، جبکہ نیٹ ٹیکس آمدن 13 ہزار 3 ارب روپے رہی۔ ایف بی آر نے 12 ہزار 983 ارب روپے کا سالانہ ٹیکس ہدف کامیابی سے حاصل کیا۔جولائی 2025 سے جون 2026 تک انکم ٹیکس کی مد میں 6 ہزار 645 ارب روپے، سیلز ٹیکس کی مد میں 4 ہزار 731 ارب روپے، کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں ایک ہزار 385 ارب روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 840 ارب روپے جمع کیے گئے۔ایف بی آر کے مطابق گزشتہ مالی سال 2025 میں مجموعی طور پر 12 ہزار 237 ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا تھا، جبکہ جون 2026 میں 1 ہزار 753 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 1 ہزار 812 ارب روپے کی ٹیکس وصولی ریکارڈ کی گئی۔