لاہور شاہی قلعے کی 400 سال پرانی پکچر وال کا 8 سال بعد ’علاج‘ مکمل

لاہور کے تاریخی شاہی قلعے کی تقریباً 400 سال پرانی مشہور پکچر وال کے تحفظ اور بحالی کا منفرد منصوبہ 8 سال کی مسلسل محنت کے بعد مکمل کر لیا گیا ہے۔

عام طور پر علاج انسانوں کا کیا جاتا ہے، مگر اس منفرد تحفظاتی منصوبے میں ماہرین نے تاریخی دیوار کو ایک مریض کی طرح سمجھتے ہوئے اس کی خرابیوں اور کمزوریوں کی باریک بینی سے تشخیص کی۔ بعد ازاں جدید سائنسی اصولوں اور روایتی تعمیراتی تکنیکوں کی مدد سے دیوار کی مرمت اور بحالی کا کام انجام دیا گیا۔ماہرین کے مطابق منصوبے کا مقصد تاریخی ورثے کو اس کی اصل حالت کے قریب رکھتے ہوئے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنانا تھا۔ اس دوران دیوار کے مختلف حصوں کو مضبوط کیا گیا، خراب ٹائلوں اور نقش و نگار کی بحالی کی گئی اور موسمی اثرات سے ہونے والے نقصان کا بھی ازالہ کیا گیا۔
اس منفرد منصوبے کو تاریخی ورثے کے تحفظ کی ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جس سے شاہی قلعے کی صدیوں پرانی شان و شوکت کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔