غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش خطرناک، بیورو آف ایمیگریشن کا شہریوں کو انتباہ

بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے یورپ جانے کی کوشش نہ صرف جان و مال کے لیے خطرناک ہے بلکہ اب ایسے راستوں سے یورپ پہنچنا بھی تقریباً ناممکن ہو چکا ہے۔ادارے کی جانب سے جاری آگاہی مہم میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے سرحدیں عبور کرکے یورپ پہنچنے کا تصور اب پرانا ہو چکا ہے، کیونکہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ایسے تمام راستوں کی مؤثر نگرانی کی جا رہی ہے۔بیورو کے مطابق یورپی یونین نے سرحدی نگرانی کے لیے جدید اور مؤثر نظام متعارف کرا رکھے ہیں، جن کے باعث غیر قانونی نقل و حرکت کا بروقت سراغ لگانا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔ادارے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ بیرونِ ملک روزگار کے لیے صرف قانونی ذرائع اور مجاز چینلز کا انتخاب کریں تاکہ انسانی اسمگلنگ، مالی نقصان اور جان کے خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔