ایران سے سستا تیل اور گیس خریدنے پر غور، آر ایل این جی کنکشن بھی جلد بحال ہوں گے: وزیر پٹرولیم

وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت ایران سے سستا تیل اور گیس خریدنے کے امکان پر غور کر رہی ہے، جبکہ آر ایل این جی کنکشن بھی جلد بحال کر دیے جائیں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی مارکیٹ کے مقابلے میں کم قیمت پر ایندھن فراہم کیا اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے 130 ارب روپے کی سبسڈی دی۔ ان کے مطابق موٹر سائیکل سواروں، ریلوے اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو بھی سبسڈی فراہم کی گئی، تاہم عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔زیر پٹرولیم نے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، لیکن یہ ابھی جنگ سے پہلے والی سطح تک نہیں پہنچیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ جیسے ہی عالمی مارکیٹ میں قیمت 76 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آئے گی، حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک پہنچائے گی۔علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کسی دباؤ میں آ کر فیصلے نہیں کرے گی بلکہ تمام فیصلے میرٹ اور قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایران سے کم قیمت پر تیل اور گیس کی خریداری کے لیے ایرانی حکام سے بات چیت کی جائے گی، اور اگر شرائط موزوں ہوئیں تو ایل این جی کی درآمد پر بھی غور کیا جائے گا۔ایران-پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کے بارے میں وزیر پٹرولیم نے کہا کہ معاملہ اس وقت عدالت میں زیر سماعت ہے، حکومت کیس کی پیروی کر رہی ہے اور ایرانی حکام کے ساتھ مل کر اس مسئلے کا حل تلاش کیا جائے گا۔