آزاد کشمیر کے مسئلے پر جماعت اسلامی متحرک، حافظ نعیم الرحمان کی پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات

آزاد کشمیر کے مسئلے کے حل اور خطے میں سیاسی استحکام کے لیے جماعت اسلامی متحرک ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آزاد کشمیر کا مسئلہ طاقت کے بجائے مذاکرات اور باہمی بات چیت کے ذریعے ہی حل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے وفاقی وزرا کے بعض بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک وفاقی وزیر کے بیانات جلتی پر تیل چھڑکنے کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ذمہ دارانہ بیانات حالات کو مزید خراب کر سکتے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ متعلقہ وفاقی وزیر خود کو کشمیری بھی کہتے ہیں، مگر ان کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ تاریخ اور زمینی حقائق سے مکمل آگاہی نہیں رکھتے۔