اسلام آباد: نیشنل آئی ٹی بورڈ (این آئی بی) نے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی سہولت کے لیے ’’پاک ایپ‘‘ متعارف کرا دی ہے، جس کا مقصد مختلف سرکاری خدمات کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہم کرنا ہے۔صیلات کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ نے سٹی اسلام آباد ایپ کو جدید انداز میں اپ گریڈ کرتے ہوئے ’’پاک ایپ‘‘ کے نام سے متعارف کرایا ہے۔ اس ایپ کو شہریوں کو تیز، آسان اور مؤثر ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔پاک ایپ کے ذریعے اسلام آباد کے شہری متعدد سرکاری اداروں کی خدمات ایک ہی پلیٹ فارم پر حاصل کر سکیں گے۔ یہ ایپ ’’پاکستان آسان خدمت‘‘ کے تصور کے تحت تیار کی گئی ہے تاکہ عوام کو مختلف حکومتی سہولیات تک فوری اور آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔جدید یوزر انٹرفیس، بہتر کارکردگی اور آسان نیوی گیشن کی بدولت سرکاری خدمات تک رسائی پہلے سے کہیں زیادہ سہل ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔صارفین اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پلیٹ فارمز کے لیے دستیاب کیو آر کوڈز اسکین کر کے پاک ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔