بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے جیرک میں دہشت گردوں کی موجودگی اور تخریب کاری کے منصوبے سے متعلق خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد فورسز نے فوری طور پر ایک اہم آپریشن کیا۔کارروائی کے دوران ایک مشکوک گاڑی کی تلاشی لی گئی، جس سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی سامان برآمد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گاڑی سے 4 راکٹ فیوز اور متعدد دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی قبضے میں لیے گئے۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ خطرناک دھماکہ خیز مواد کسی بڑے دہشت گرد حملے میں استعمال کیا جانا تھا، تاہم فورسز کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے باعث اس منصوبے کو بروقت ناکام بنا دیا گیا۔عوامی اور دفاعی حلقوں نے سیکیورٹی فورسز کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے محافظ امن دشمن عناصر کے خلاف ہر وقت چوکس ہیں اور صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔