جسٹس منیب اختر نے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج، جسٹس منیب اختر نے قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ یہ تقرری چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے بیرونِ ملک قیام کے باعث عمل میں لائی گئی ہے۔حلف برداری کی پروقار تقریب سپریم کورٹ آف پاکستان کی برانچ رجسٹری کراچی میں منعقد ہوئی، جہاں محمد شفیع صدیقی نے جسٹس منیب اختر سے عہدے کا حلف لیا۔سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق جسٹس منیب اختر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی عدم موجودگی کے دوران قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دیں گے۔تقریب میں سپریم کورٹ اور وفاقی آئینی عدالت کے ججز، رجسٹری کے افسران، رجسٹرار اور قانونی برادری سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔