گلگت: پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان میں مستحکم حکومت کے قیام کے لیے دیگر سیاسی جماعتوں کو ساتھ ملانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت نے گلگت بلتستان میں اتحادی حکومت بنانے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی بھی ممکنہ طور پر صوبائی حکومت کا حصہ بنے گی اور دونوں جماعتوں کے درمیان شراکتِ اقتدار کے فارمولے پر مذاکرات جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی نے گلگت بلتستان اسمبلی میں دو وزارتوں کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ پیپلز پارٹی ایک وزارت اور دیگر پارلیمانی عہدوں کی پیشکش پر غور کر رہی ہے۔ تاہم اگر معاملات طے نہ ہوئے تو آئی پی پی کو دو وزارتیں بھی دی جا سکتی ہیں۔دونوں جماعتوں کے مقامی رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہو چکی ہے، جبکہ صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی آئندہ دو روز میں Bilawal Bhutto Zardari سے ملاقات متوقع ہے، جس میں حکومت سازی کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف اور Majlis Wahdat-e-Muslimeen کو ممکنہ حکومت میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کامیاب آزاد امیدواروں سے بھی رابطے میں ہے اور دو آزاد ارکان کی جلد پارٹی میں شمولیت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان اسمبلی کی 11 جنرل نشستوں پر کامیاب ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کی 4 نشستیں اور دو ٹیکنوکریٹ نشستیں ملنے کا بھی امکان ہے، جس سے حکومت سازی میں پارٹی کی پوزیشن مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔