اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے ساتھ پیٹرولیم لیوی کی شرح میں بھی ردوبدل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول پر عائد پیٹرولیم لیوی میں 40 روپے 49 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد اس کی نئی شرح 66 روپے 25 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب ڈیزل پر لیوی میں 19 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی شرح 72 روپے 97 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔مٹی کے تیل پر پیٹرولیم لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل پر 15 روپے 84 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی قیمتوں کے تحت پیٹرول 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گا۔حکومت کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے کے بعد سے ہو گا، جس سے عوام کو نمایاں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔