لاہور: لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کارگو انتظامیہ کی مبینہ غفلت سامنے آئی ہے، جہاں کروڑوں روپے مالیت کی جدید اسکیننگ مشین گزشتہ تین ماہ سے غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق جدید اسکیننگ مشین تاحال کنٹینر میں بند پڑی ہے اور اسے مکمل طور پر نصب کر کے آپریشنل نہیں کیا جا سکا۔ مشین فعال نہ ہونے کے باعث برطانیہ، کینیڈا اور مشرقِ وسطیٰ جانے والے کارگو کی اسکیننگ نجی آپریٹرز کے ذریعے کروائی جا رہی ہے۔ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشین کی تنصیب اور آپریشنلائزیشن کا عمل مکمل نہ ہونے کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ جدید سہولت سے بھی مکمل فائدہ حاصل نہیں کیا جا سکا۔دوسری جانب Pakistan International Airlines (PIA) کے ترجمان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ برطانوی اور یورپی معیار کے مطابق ڈوئل ویو اسکیننگ مشین نصب کی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق کروڑوں روپے مالیت کی یہ جدید مشین پیر تک ہر صورت فعال کر دی جائے گی۔پی آئی اے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ کارگو آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے اور انٹرلائن معاہدوں کے تحت اسکیننگ کا عمل متاثر نہیں ہوا۔