فیفا ورلڈ کپ: امریکا، مراکش اور برازیل کی شاندار فتوحات، اگلے مرحلے کی دوڑ تیز

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں امریکا، مراکش اور برازیل نے اپنے اپنے میچ جیت کر اگلے مرحلے کی دوڑ میں اہم کامیابیاں حاصل کر لیں۔ایک اہم میچ میں امریکا نے آسٹریلیا کو شکست دے دی۔ امریکی ٹیم کی جانب سے کیمرون برجیس اور ایلکس فری مین نے عمدہ کھیل پیش کیا، جبکہ آسٹریلوی ٹیم کوئی گول اسکور نہ کر سکی۔اس فتح کے ساتھ امریکا نے فیفا ورلڈ کپ کی 96 سالہ تاریخ میں پہلی بار مسلسل دو میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ امریکی ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں سرفہرست رہتے ہوئے اگلے مرحلے کے لیے بھی کوالیفائی کر گئی۔دوسرے میچ میں مراکش نے سخت مقابلے کے بعد اسکاٹ لینڈ کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دی۔ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم متعدد مواقع ملنے کے باوجود گول کرنے میں ناکام رہی۔ایک اور میچ میں عالمی فٹبال کی مضبوط ٹیم برازیل نے ہیٹی کو یکطرفہ مقابلے کے بعد تین صفر سے شکست دے دی۔ برازیل کے جارحانہ کھیل کے سامنے ہیٹی کی ٹیم بے بس نظر آئی اور کوئی گول نہ کر سکی۔ادھر ورلڈ کپ کے دیگر مقابلوں میں ترکیہ اور پیراگوئے کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے، جبکہ نیدرلینڈز اور سوئیڈن کی ٹیمیں رات 10 بجے آمنے سامنے ہوں گی۔