کراچی میں این سی سی آئی اے نے غیر قانونی اور جعلی کال سینٹرز کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق ایک چھاپہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 میں قائم جعلی بینک کال سینٹر پر مارا گیا، جہاں سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز اور فراڈ میں استعمال ہونے والا سافٹ ویئر برآمد کیا گیا۔تحقیقات کے مطابق ملزمان خود کو غیر ملکی بینکوں کے ملازمین ظاہر کر کے شہریوں سے حساس معلومات حاصل کرتے تھے۔ کارروائی کے دوران ہزاروں غیر ملکی شہریوں کا بینکنگ ریکارڈ، سوشل سیکیورٹی نمبرز اور دیگر اہم ڈیٹا بھی برآمد ہوا۔ واقعے کا مقدمہ درج کر کے ضبط شدہ ڈیجیٹل آلات فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔دوسری کارروائی ڈی ایچ اے فیز 8 کے ذوالفقار کمرشل علاقے میں کی گئی، جہاں مرکزی ملزم سمیت کئی افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق ملزمان اسپوفنگ کے ذریعے خود کو غیر ملکی بینک نمائندے ظاہر کر کے لوگوں کو دھوکا دیتے تھے۔ برآمد شدہ شواہد کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔