کراچی: شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے لائی گئی منشیات شہر میں اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس نے رکشے کے خفیہ خانوں سے 24 کلو اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کرکے 3 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق ایس ایچ او شاہ لطیف ٹاؤن نے منشیات فروشوں کے خلاف اس وقت کارروائی کی جب ملزمان رکشے کے ذریعے منشیات کی سپلائی اور فروخت کے لیے جا رہے تھے۔پولیس نے تلاشی کے دوران رکشے میں بنائے گئے مخصوص خفیہ خانوں سے لاکھوں روپے مالیت کی چرس برآمد کی۔ کارروائی کے دوران عظمت خان، اختر منیر اور عمران گل کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے موبائل فون اور نقد رقم بھی برآمد ہوئی۔ولیس نے منشیات کی ترسیل میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔