کراچی میں بین الاقوامی ہنڈی حوالہ نیٹ ورک بے نقاب، بحری جہاز کا کپتان اور لانچ مالک گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی سی پورٹ ٹیم نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الاقوامی ہنڈی حوالہ نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔

کارروائی کے دوران 38 لاکھ روپے برآمد کر کے بحری جہاز کے کپتان اور لانچ کے مالک سمیت اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزمان ایرانی شراب کی اسمگلنگ اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کو ہنڈی حوالہ کے ذریعے پاکستان منتقل کرنے میں ملوث تھے۔تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ دبئی میں موجود ایک بحری لانچ “العرفان” کو 80 لاکھ روپے میں فروخت کیا گیا اور اس کی رقم بھی غیر قانونی طریقے سے پاکستان منتقل کی گئی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق غلام حسین نامی شخص اس نیٹ ورک میں اہم سہولت کار کے طور پر کام کر رہا تھا۔ گرفتار ملزمان میں کپتان عبدالسلام اور لانچ مالک منصور بلوچ شامل ہیں جبکہ ملزمان کے موبائل فونز فرانزک کے لیے قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ایف آئی اے نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور برآمد شدہ رقم سمیت انہیں مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مالیاتی جرائم، ہنڈی حوالہ اور منی لانڈرنگ کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔