قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس ملتوی، ترقیاتی بجٹ کی منظوری ایک روز مؤخر

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا آج ہونے والا اہم اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اب یہ اجلاس کل صبح ساڑھے گیارہ بجے منعقد ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت اور اس کی اہم اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان بعض اہم معاشی معاملات پر اتفاق رائے نہ ہونے کے باعث اجلاس کو مؤخر کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف صدارت کرنے والے تھے، جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، صوبائی وزرائے خزانہ اور آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کی شرکت بھی متوقع تھی۔قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے لیے مجموعی طور پر 4,458 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جانی تھی۔ مجوزہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پنجاب کے لیے 1,450 ارب روپے، سندھ کے لیے 816 ارب روپے، خیبرپختونخوا کے لیے 564 ارب روپے اور بلوچستان کے لیے 308 ارب روپے مختص کیے جانے کی تجویز تھی۔ذرائع کے مطابق ترقیاتی بجٹ اور دیگر معاشی امور پر وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان جاری مشاورت کے باعث اجلاس کو وزیراعظم ہاؤس کے آج کے شیڈول سے نکال دیا گیا۔قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس آئینی ادارے کی منظوری کے بغیر وفاقی بجٹ پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا جا سکتا۔اجلاس کی تاخیر کے باعث وفاق اور صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگراموں کی حتمی منظوری بھی کل تک مؤخر ہو گئی ہے۔