بجلی کے بلوں میں فکسڈ چارجز دوگنے ہو گئے، اویس لغاری کا اعتراف

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اعتراف کیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں شامل فکسڈ چارجز پہلے کے مقابلے میں دوگنے ہو چکے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’’خبر‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہا کہ پہلے فکسڈ چارجز بجلی کے بل کا 3 سے 4 فیصد ہوتے تھے، تاہم اب یہ بڑھ کر 10 فیصد تک پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ بجلی کی فکسڈ لاگت پورے سال یکساں رہتی ہے۔ جن مہینوں میں صارفین زیادہ یونٹس استعمال کرتے ہیں، ان پر فکسڈ لاگت کا بوجھ نسبتاً کم محسوس ہوتا ہے، جبکہ کم استعمال والے مہینوں میں یہ لاگت زیادہ نظر آتی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ 200 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے انرجی لاگت میں 31 فیصد کمی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ یونٹس استعمال کرنے پر فکسڈ چارجز کا تناسب کم ہو جاتا ہے، تاہم مجموعی طور پر فکسڈ لاگت پہلے کے مقابلے میں دوگنی ہو چکی ہے۔اویس لغاری نے دعویٰ کیا کہ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی آئی ہے اور اگر حکومتی سبسڈی جاری رہی تو بجلی مزید 5 سے 6 روپے فی یونٹ سستی ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جولائی 2025 سے اب تک ملک میں بجلی کے استعمال میں 8 سے 9 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ گزشتہ 9 سے 10 ماہ کے دوران مجموعی بجلی کھپت میں بھی 7 سے 9 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔