قطر میں عیدالفطر 20 مارچ کو ہونے کا امکان

قطر میں فلکیاتی حسابات کی روشنی میں عیدالفطر کی ممکنہ تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق شوال 1447ھ کا پہلا دن جمعہ 20 مارچ 2026 ہونے کا قوی امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کا آخری عشرہ جاری ہے اور شہری عیدالفطر کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ قطر کیلنڈر ہاؤس نے فلکیاتی اندازوں کے مطابق عید کی متوقع تاریخ جاری کی ہے۔ادارے کے مطابق شوال کا چاند 19 مارچ بروز جمعرات صبح 4:24 بجے پیدا ہوگا، جس کے باعث 18 مارچ بروز بدھ کی شام چاند نظر آنا ممکن نہیں ہوگا۔حسابات کے مطابق رمضان المبارک 19 مارچ کو مکمل ہوگا اور اس کے اگلے روز یعنی 20 مارچ کو عیدالفطر منائے جانے کا امکان ہے۔تاہم حکام کا کہنا ہے کہ عید کا حتمی اعلان وزارت اوقاف قطر کی رویت ہلال کمیٹی چاند دیکھنے کی شہادتوں کی بنیاد پر کرے گی۔فلکیاتی پیشگوئی کے مطابق سرکاری تعطیلات بھی ممکنہ طور پر 20 مارچ سے شروع ہوں گی، جبکہ امیری دیوان پہلے ہی 17 مارچ سے سرکاری اداروں کے لیے تعطیلات کا اعلان کر چکا ہے تاکہ عوام عید کی تیاری مکمل کر سکیں۔