نجی اسکول ایسوسی ایشنز کی گرینڈ الائنس کا 9 جنوری کو سندھ بھر میں مکمل ہڑتال کا اعلان

اسکول ایسوسی ایشنز کی گرینڈ الائنس نے 9 جنوری کو سندھ بھر میں نجی اسکولوں اور کالجوں کی مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا اعلان گرینڈ الائنس آف پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کے رہنماؤں نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔پریس کانفرنس میں رہنماؤں نے سندھ میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش سنگین مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے اینٹی کرپشن کی جانب سے اسکولوں میں جاری تصدیقی کارروائیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کسی بھی ملک کی ترقی کی بنیاد ہے، لیکن سندھ میں لاکھوں بچے اب بھی اسکول سے باہر ہیں، ایسے حالات میں نجی تعلیمی ادارے محدود وسائل کے باوجود کم فیسوں پر لاکھوں بچوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں اور فری شپ کے ذریعے سماجی ذمہ داری بھی نبھا رہے ہیں۔رہنماؤں نے بتایا کہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ کے 8 دسمبر 2025 کے فیصلے کے بعد اینٹی کرپشن کو فری شپ فہرستوں کی تصدیق کا اختیار دیا گیا، جس کے تحت اینٹی کرپشن ٹیمیں براہِ راست اسکولوں میں معائنے کر رہی ہیں، جو سندھ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز ایکٹ 2013 کے منافی ہے۔انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز ہی واحد مجاز ریگولیٹری ادارہ ہے، لہٰذا کسی اور ادارے کی مداخلت غیر قانونی ہے۔ مقررین نے خدشہ ظاہر کیا کہ مسلح اہلکاروں کا اسکولوں میں داخلہ خواتین اساتذہ، بچوں اور والدین میں خوف اور ذہنی دباؤ کا باعث بن رہا ہے۔گرینڈ الائنس کے رہنماؤں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری مداخلت کریں اور تصدیقی عمل کو باوقار طریقے سے ڈائریکٹوریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کے ذریعے مکمل کروائیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ 6 سے 8 جنوری تک سندھ کے تمام اضلاع میں احتجاجی اجلاس ہوں گے، 8 جنوری کو یومِ سیاہ منایا جائے گا جبکہ 9 جنوری کو سندھ بھر کے تمام نجی اسکول اور کالجز مکمل ہڑتال کریں گے۔