اسلام آباد غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 6 لاکھ 82 ہزار 141 افغان باشندوں کو افغانستان واپس منتقل کیا جا چکا ہے۔محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ واپس بھیجے جانے والوں میں 69 ہزار 431 افغان سٹیزن کارڈ (اے سی سی) ہولڈرز بھی شامل ہیں، جبکہ ملک بھر سے 2 لاکھ 16 ہزار 634 پی او آر کارڈ ہولڈرز کو بھی افغانستان روانہ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مزید 375 افغان باشندوں کو طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان بھیجا گیا، جن میں 139 اے سی سی اور 1 ہزار 224 پی او آر کارڈ ہولڈرز شامل تھےدوسری جانب دیگر ممالک سے بھی افغان باشندوں کی ملک بدری کا عمل جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق ترکیہ میں گزشتہ ایک سال کے دوران غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے تحت 1 لاکھ 52 ہزار سے زائد افغان باشندے گرفتار کیے گئے۔ترک مائیگریشن اتھارٹی کے مطابق گرفتار افراد میں افغان شہریوں کی تعداد سب سے زیادہ رہی، جن کی تعداد 42 ہزار سے زائد بتائی گئی ہے۔ افغان شہریوں کے بعد شامی باشندے دوسرے نمبر پر رہے، جبکہ ازبکستان، ترکمانستان اور ایران سے تعلق رکھنے والے افراد بھی بڑی تعداد میں گرفتار کیے گئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے دوران مجموعی طور پر غیر قانونی تارکین وطن کی گرفتاریوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کمی دیکھی گئی، جبکہ 2024 میں ترکیہ بھر میں 2 لاکھ 25 ہزار سے زائد تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا تھا۔