وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں 7 زوردار دھماک فوجی اڈے کے قریب بلیک آؤٹ امریکا سے کشیدگی میں اضافہ

جنوبی امریکی ملک وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں کم از کم سات زوردار دھماکے سنے گئے ہیں، جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی
امریکا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران کاراکاس میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ فضا میں دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے دارالحکومت کے جنوبی علاقے میں واقع ایک فوجی اڈے کے قریب ہوئے، جس کے بعد آدھا شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔الجزیرہ کے مطابق دھماکے کاراکاس کے مرکزی فوجی اڈے ’’فورٹونا‘‘ کے قریب یا اس کے اطراف میں ہوئے، جو ایک اہم عسکری تنصیب ہے۔ دھماکوں کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں اور اس کے فوراً بعد بلیک آؤٹ ہو گیا۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتایا کہ کاراکاس میں کم از کم سات دھماکوں کے ساتھ ساتھ نچلی پرواز کرنے والے طیاروں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ ر عینی شاہدین نے ہفتے کی علی الصبح زور دار دھماکوں، طیاروں کی آوازوں اور دھوئیں کے بادل دیکھنے کی تصدیق کی ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار وینزویلا میں ممکنہ زمینی کارروائیوں کے بیانات دے چکے ہیں۔ اگرچہ انہوں نے اپنے مقاصد کی تفصیلات عوامی طور پر واضح نہیں کیں، تاہم روئٹرز کے مطابق ٹرمپ نے نجی طور پر صدر نکولس مادورو پر اقتدار چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔ پیر کے روز صدر ٹرمپ نے کہا کہ مادورو کے لیے اقتدار چھوڑ دینا ’’دانش مندی ہوگی دوسری جانب پینٹاگون نے دھماکوں سے متعلق تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ یاد رہے کہ امریکا نے حالیہ دنوں میں اس خطے میں بڑی فوجی نقل و حرکت کی ہے، جس میں طیارہ بردار بحری جہاز جنگی جہاز اور جدید لڑاکا طیارے شامل ہیں، جو بحیرہ کیریبین میں تعینات ہیں۔