غزہ سے اسرائیل پر 2 راکٹ حملے، القدس بریگیڈ نے ذمہ داری قبول کرلی

تل ابیب: فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ پٹی سے اسرائیل کی جانب 2 راکٹ فائر کیے جن میں سے ایک کو اسرائیلی دفاعی نظام نے ہوا میں ناکام بنا دیا جبکہ دوسرا غیر آباد علاقے میں جا گرا۔ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق راکٹ حملے کے فوراً بعد اسرائیلی شہر نیٹیووٹ اور اس کے نواحی علاقوں میں سائرن بجنے لگے جس سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم اسرائیلی ایمرجنسی سروس میگن ڈیوڈ ایڈوم نے تصدیق کی کہ حملے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔یہ حملہ گذشتہ تین ہفتوں بعد غزہ پٹی سے کیا گیا پہلا راکٹ حملہ قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے رپورٹ کیا ہے کہ فلسطینی تنظیم اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ نے راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔