خیرپور ماں بیٹی قتل کیس بےگناہ افراد کو نامزد کرنے کے خلاف ایس ایس پی آفس کے سامنے احتجاج

خیرپور کے قریب تعلقہ کوٹ ڈیجی کے گاؤں گل محمد برڑو کے رہائشی سید برادری کے مرد و خواتین نے ایک بار پھر ایس ایس پی آفس خیرپور کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت عمران شاہ، سید قبول شاہ عرف پپن شاہ، سید امداد شاہ، نواز علی برڑو، بگن برڑو، علی نواز برڑو اور رحمان برڑو سمیت دیگر کر رہے تھے۔مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ چھ روز قبل نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی معصوم بچی رابیہ برڑو اور اس کی والدہ فہمیدہ برڑو کے قتل کا مقدمہ راجا برڑو کی مبینہ سازش کے تحت ان کے بزرگ ہاشم شاہ عرف نجن شاہ، سلمان برڑو اور دیگر بےگناہ افراد پر درج کیا گیا ہے، جو سراسر ظلم اور ناانصافی ہے۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ دو روز سے خواتین سمیت سراپا احتجاج ہیں، تاہم تاحال ان کی داد رسی نہیں کی گئی۔ مظاہرین نے پولیس کی تفتیش پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اصل ملزمان کو بچانے کے لیے بےقصور افراد کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔مظاہرین نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی خیرپور سے مطالبہ کیا کہ ماں بیٹی کے قتل کیس کے اصل ماسٹر مائنڈ راجا برڑو کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور بےگناہ نامزد افراد کو رہا کر کے شفاف تحقیقات کی جائیں۔