ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 540 ملین ڈالر کی منظوری دے دی

ایشیائی ترقیاتی بینک (ADB) نے پاکستان کے لیے 540 ملین ڈالر کی مالی معاونت کی منظوری دے دی ہے۔ اے ڈی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 400 ملین ڈالر سرکاری ملکیتی اداروں میں اصلاحات کے لیے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ 140 ملین ڈالر سندھ کے ساحلی علاقوں میں بہتری کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔ اس رقم سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مختلف منصوبوں کی ازسرِنو تعمیر اور ترقی کی جائے گی۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ان منصوبوں سے سندھ میں پانچ لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے، ڈیڑھ لاکھ ہیکٹر زرعی زمین محفوظ بنائی جائے گی، 22 ہزار ہیکٹر جنگلات کی بحالی ممکن ہو سکے گی جبکہ ماحولیاتی اور غذائی تحفظ میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔