امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے چند دنوں میں افغانستان سے جنگ کا معاملہ حل کرلیا۔ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں 47ویں آسیان ممالک کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں امن کے خواہاں ہیں اور اب تک 8 جنگیں رکوا چکے ہیں۔صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستانی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم بہترین انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ کا سنا تھا، لیکن یہ معاملہ جلد حل ہوگیا۔صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہیں جنگیں رکوانا پسند ہے، وہ تجارت کے ذریعے جنگوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ “ہم جنگ نہیں بلکہ تجارت چاہتے ہیں، تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کا امن معاہدہ لاکھوں جانیں بچا سکتا ہے۔”واضح رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے پر ملائیشیا میں دستخط ہوئے۔ جولائی میں ٹرمپ کی مداخلت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پانچ روزہ خونریز سرحدی تنازع ختم کرایا گیا تھا۔ صدر ٹرمپ آسیان ممالک کے 47ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ملائیشیا پہنچے، جہاں ان کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی صدر نے ملائیشین وزیراعظم کے ہمراہ روایتی انداز میں رقص کیا اور دونوں ممالک کے پرچم لہرائے۔