پی آئی اے کا 5 سال بعد برطانیہ کیلئے فلائٹ آپریشن بحال پہلی پرواز مانچسٹر روانہ

قومی ایئرلائن (پی آئی اے) نے پانچ سال بعد برطانیہ کے لیے براہِ راست پروازوں کا سلسلہ بحال کر دیا ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیرِ دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، سیکرٹری دفاع اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ افتتاح کے بعد پی آئی اے کی پہلی بوئنگ ٹرپل سیون پرواز PK-701 دوپہر 12 بج کر 5 منٹ پر 273 مسافروں کو لے کر اسلام آباد سے مانچسٹر روانہ ہوئی، جو برطانوی وقت کے مطابق شام 5 بجے پہنچے گی۔وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور برطانوی ہائی کمشنر نے پرواز کو الوداع کیا۔ ابتدائی مرحلے میں پی آئی اے کی مانچسٹر کے لیے ہفتے میں دو پروازیں منگل اور ہفتے کے روز آپریٹ ہوں گی، جب کہ واپسی پر مانچسٹر سے پرواز شام 7 بجے روانہ ہو کر اگلی صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق دوسرے مرحلے میں لندن کے لیے براہِ راست پروازوں کا آغاز بھی کیا جائے گا۔واضح رہے کہ برطانیہ اور یورپ نے 2020 میں اُس وقت پی آئی اے پر پابندی عائد کی تھی جب غلام سرور خان کے پائلٹ ڈگریوں سے متعلق بیان کے بعد پی آئی اے کے لائسنسز پر سوالات اٹھے تھے۔ یہ پابندی اب پانچ سال بعد ختم کر دی گئی ہے۔