پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کا دوسرا اور اہم دور آج ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقد ہوگا۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی اور افغان طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے مذاکرات کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق استنبول مذاکرات میں افغانستان سے دہشت گرد گروہوں کے خاتمے پر مزید بات چیت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ دوحہ مذاکرات کے دوران ایک دستاویز پر اتفاقِ رائے سے دستخط کیے گئے تھے، افغان حکومت اسے معاہدہ مانتی ہے یا نہیں، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، تاہم دوحہ مذاکرات کے بعد افغان سرحد سے کسی بڑے دہشت گرد حملے کی اطلاع نہیں ملی، جو مذاکرات کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ ادھر طالبان کے ترجمان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے بتایا کہ مذاکرات میں شرکت کے لیے نائب وزیرِ داخلہ حاجی نجیب کی سربراہی میں افغان وفد ترکیہ روانہ ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں مذاکرات کا پہلا دور دوحہ میں ہوا تھا۔