وزیر دفاع خواجہ آصف کی پاکستانیوں کو خوشخبری، لندن اور برمنگھم کے لیے براہِ راست پروازوں کا اعلان

وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ آصف نے برطانیہ جانے والے پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ جلد لندن اور برمنگھم کے لیے بھی پی آئی اے کی براہِ راست پروازیں شروع کی جائیں گی۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن کی بحالی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے پر عائد پابندی سے حکومت اور قومی ایئرلائن دونوں کو شدید نقصان پہنچا اور ملکی امیج بھی متاثر ہوا، تاہم ہم نے اسے قومی چیلنج سمجھتے ہوئے ہوابازی کے اداروں کو مکمل اختیارات دیے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے قومی ایئرلائن کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں، جس کے بعد پی آئی اے پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ حکومت پی آئی اے کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور جلد مزید بین الاقوامی روٹس پر بھی پروازیں بحال کی جائیں گی۔