محکمہ موسمیات نے 2026 کے چاند کی رویت کا کیلنڈر جاری کردیا

محکمہ موسمیات نے سال 2026 کے چاند کی رویت کا تفصیلی کیلنڈر جاری کردیا ہے، جس میں پورے سال کے اسلامی مہینوں کے آغاز، چاند کی پیدائش، غروبِ آفتاب اور رویت کے اوقات کی پیش گوئیاں شامل ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق شعبان کا چاند 21 جنوری، رمضان المبارک کا چاند 18 فروری، شوال کا چاند 19 مارچ اور ذی القعد کا چاند 18 اپریل 2026 کو نظر آنے کا امکان ہے۔ اسی طرح ذی الحجہ کا چاند 17 مئی جبکہ محرم الحرام کا چاند 15 جون 2026 کو متوقع ہے۔مزید بتایا گیا کہ صفر کا چاند 15 جولائی، ربیع الاول کا چاند 13 اگست، ربیع الثانی کا چاند 12 ستمبر، جمادی الاول کا چاند 12 اکتوبر، جمادی الثانی کا چاند 10 نومبر اور رجب کا چاند 10 دسمبر 2026 کو نظر آنے کا امکان ہے۔یہ کیلنڈر محکمہ موسمیات کے کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جس کا مقصد سال 2026 کے قمری مہینوں سے متعلق سائنسی بنیادوں پر پیشگی معلومات فراہم کرنا ہے۔