پاکستان نے پہلی بار امریکا کو انڈوں کی ایکسپورٹ شروع کر دی ہے، جسے ملکی برآمدات کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ محکمہ قرنطینہ حیوانیات کے مطابق یکم جولائی 2025 سے اب تک امریکا کو 18 لاکھ 99 ہزار 240 درجن انڈے برآمد کیے جا چکے ہیں، جن کی مالیت 2.37 ملین امریکی ڈالر ہے۔ مجموعی طور پر مالی سال 25-2024 میں پاکستان سے 18.25 ملین ڈالر کے انڈے ایکسپورٹ کیے گئے، جو گزشتہ سال کے 14 ملین ڈالر کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے انڈوں کی برآمدات متحدہ عرب امارات، بحرین، ہانگ کانگ، کویت، قطر، سومالیہ اور افغانستان سمیت متعدد ممالک کو بھی کی جا رہی ہیں۔ محکمہ قرنطینہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کو 17.22 ملین ڈالر، ہانگ کانگ کو 5.44 لاکھ ڈالر، بحرین کو 3.29 لاکھ ڈالر، کویت کو 3.16 لاکھ ڈالر، سومالیہ کو 2.41 لاکھ ڈالر جبکہ افغانستان کو 1.07 ملین ڈالر کے انڈے ایکسپورٹ کیے گئے۔مزید بتایا گیا کہ مالی سال 25-2024 میں 11 سو 69 میٹرک ٹن انڈے محلول کی شکل میں بھی برآمد کیے گئے جن کی مالیت 26 لاکھ 12 ہزار 930 امریکی ڈالر رہی۔ ماہرین کے مطابق ان برآمدات میں اضافہ پاکستان کی زرعی اور لائیو اسٹاک صنعت کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے جو زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ کرے گا۔