امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرپٹو ایکسچینج بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ کو معاف کر دیا ہے، جنہیں سابق صدر جو بائیڈن کے دورِ حکومت میں کرپٹو کرنسی سے متعلق مقدمے میں سزا سنائی گئی تھی۔وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے چانگ پینگ ژاؤ کو مکمل معافی دی۔ پریس سیکریٹری کیرو لائن لیوٹ نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ نے کرپٹو کرنسی کے خلاف مہم کے دوران ژاؤ کو نشانہ بنایا تھا۔چانگ پینگ ژاؤ، جو کرپٹو دنیا کی سب سے بااثر شخصیات میں سے ایک ہیں، گزشتہ سال بائنانس کے سی ای او کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے، جب کمپنی نے امریکی حکومت کے ساتھ 4.3 ارب ڈالر کے تصفیے پر اتفاق کیا تھا۔ ژاؤ اپنی چار ماہ کی قید کی سزا مکمل کر چکے ہیں۔ٹرمپ کی جانب سے دی گئی یہ معافی بائنانس کے لیے امریکہ میں دوبارہ کاروباری سرگرمیوں کے آغاز کا راستہ ہموار کر سکتی ہے۔ معافی کے بعد ژاؤ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ کو “کریپٹو کا عالمی دارالحکومت” بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ اس سال کے آغاز میں بھی صدر ٹرمپ نے کرپٹو ایکسچینج بِٹ میکس کے بانیوں سمیت کئی کاروباری شخصیات کو معاف کیا تھا۔