ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے پی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر متفق ہونے کے قریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبہ پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کے پی کے ضمنی انتخابات کے لیے دونوں جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا قوی امکان ہے اور اس حوالے سے رابطے جاری ہیں۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ نے ن لیگ سمیت دیگر جماعتوں سے رابطے کیے ہیں، جب کہ ضمنی الیکشن پر معاملات جلد طے پانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے چترال اور ن لیگ نے ہری پور کی نشست میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جس کے مطابق این اے 1 چترال کی سیٹ پیپلز پارٹی جبکہ این اے 18 ہری پور کی سیٹ مسلم لیگ (ن) کو ملنے کا امکان ہے۔ الیکشن کمیشن نے دونوں نشستوں پر ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پولنگ 23 نومبر کو ہوگی اور کاغذاتِ نامزدگی 15 سے 17 اکتوبر تک جمع کرائے جا سکیں گے۔