واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے امریکی دورے کے دوران سعودی ہم منصب محمد عبداللہ عبدالعزیز الجدعان سے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تجارتی و مالی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاک–سعودی سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک معاشی شراکت داری کو ایک نئے دور میں داخل کرنا چاہتا ہے۔محمد اورنگزیب نے اپنے سعودی ہم منصب کو پی آئی اے اور ہوائی اڈوں کی نجکاری میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران آئی ایم ایف پروگرام اور ملٹی لیٹرل انویسٹمنٹ گارنٹی ایجنسی (MIGA) کے کردار پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے سعودی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی وزیر خزانہ کو یقین دلایا کہ حکومت آئی ایم ایف اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے پرعزم ہے اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر مستحکم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ملاقات کے اختتام پر دونوں وزرائے خزانہ نے اتفاق کیا کہ پاک–سعودی تعلقات صرف روایتی دوستی تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک معاشی شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔