مودی سرکار کے زخم تازہ ہوگئے، ٹرمپ نے پاک بھارت جنگ میں 7 طیارے گرانے کا دوبارہ ذکر کردیا

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ شروع ہونے والی تھی، جسے اُنہوں نے اپنی سفارتی کوششوں سے روک دیا۔
ٹرمپ نے بتایا کہ پاک بھارت تنازع کے دوران 7 طیارے مار گرائے گئے تھے۔ اُن کے بقول پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اُنہیں کہا تھا کہ “آپ نے لاکھوں جانیں بچا لیں۔”سابق امریکی صدر نے کہا کہ وہ اب تک دنیا میں 8 جنگیں رکوا چکے ہیں، جن میں سے کئی تنازعات معمولی اختلافات کے باعث سنگین جنگوں میں تبدیل ہونے والے تھے۔ ٹرمپ کے مطابق پاکستان جیسی ایٹمی طاقتوں کےدرمیان ممکنہ جنگ پوری دنیا کے لیے خطرہ بن سکتی تھی۔ٹرمپ نے بھارت پر بھی تنقید کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے روس سے تیل نہ خریدنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ تاہم بعد میں بھارت نے روس سے تیل خریدنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی وہ گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، اور اگر حماس نے جنگ بندی معاہدے پر عمل نہ کیا تو اسے دوسرے طریقے سے جواب دینا پڑے گا، لیکن اس مقصد کے لیے امریکی فوج کی ضرورت نہیں ہوگی۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ یوکرین جنگ کے خاتمے اور چین کے ساتھ جاری تجارتی تنازع کو امریکی مفادات کے مطابق انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے بائیڈن انتظامیہ پر الزام لگایا کہ انصاف کے محکمے نے اُن کے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں، اور دعویٰ کیا کہ اُن کی بیٹی ایریکا ٹرمپ کو بھی تفتیش کے لیے طلب کیا گیا۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ ٹیرف کے دفاع میں سپریم کورٹ میں مقدمہ لڑ رہے ہیں کیونکہ یہ امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے نہایت اہم ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ “میں صرف ٹیرف لگا کر چھ جنگیں روک چکا ہوں۔”