حماس نے 7 اسرائیلی یرغمالی ریڈ کراس کے حوالے کردئیے، قیدیوں کے تبادلے کا عمل شروع اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا عمل باضابطہ طور پر شروع ہوگیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ریڈ کراس کی گاڑیاں غزہ کے علاقے دیرالبلح پہنچ چکی ہیں، جہاں سے حماس نے 7 اسرائیلی یرغمالیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کردیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق مزید 17 یرغمالیوں کو بھی کچھ دیر بعد رہا کیا جائے گا۔ بین الاقوامی ریڈ کراس نے 7 اسرائیلی یرغمالیوں کی حوالگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے کے تحت کل 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 2 ہزار فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔تل ابیب میں یرغمالیوں کے استقبال کے لیے ہزاروں افراد جمع ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم آفس کے مطابق، تمام یرغمالیوں کی رہائی مکمل ہونے کے بعد فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کر دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ریڈ کراس کی بسیں اوفر جیل پہنچ چکی ہیں تاکہ فلسطینی قیدیوں کو لے جایا جا سکے۔دوسری جانب، حماس کے مسلح ونگ القصام بریگیڈ نے 20 اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ تبادلہ شرم الشیخ میں طے پانے والے غزہ امن معاہدے کے ابتدائی مرحلے کا حصہ ہے، جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا اور انسانی بحران کو ختم کرنا ہے۔بین الاقوامی ریڈ کراس اس سارے عمل کی نگرانی کرے گا تاکہ فریقین کے درمیان معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔