خیبر پختونخواہ میں وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب کے لیے اپوزیشن جماعتوں نے اپنے امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کے درمیان وزارتِ اعلیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار لانے پر مشاورت جاری ہے، تاہم ابھی تک کسی ایک نام پر مکمل اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنے اپنے امیدواروں کے نام فائنل کرلیے ہیں۔ذرائع کے مطابق جے یو آئی (ف) کی جانب سے اکرم خان درانی یا مولانا لطف الرحمان کو امیدوار بنانے پر غور کیا جارہا ہے، جب کہ مسلم لیگ (ن) نے ڈاکٹر عباداللہ کو وزارتِ اعلیٰ کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر فائنل کیا ہے۔اس حوالے سے جے یو آئی (ف) کے صوبائی امیر مولانا عطاالرحمان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب میں اپنا امیدوار ضرور لائیں گی، کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانا آئینی اور قانونی حق ہے، جب کہ مشترکہ امیدوار کے لیے مشاورتی عمل جاری ہے۔دوسری جانب کے پی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار نامزدگی کاغذات جمع کرائیں گے، جب کہ وزارتِ اعلیٰ کے لیے اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ امیدوار میدان میں لایا جائے گا۔یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد سہیل آفریدی کو نیا وزیرِ اعلیٰ نامزد کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد علی امین گنڈاپور نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا