لاہور: امیر بالاج قتل کیس کے مرکزی ملزم خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کو مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقابلہ رحیم یار خان کے علاقے کوٹ سبزل میں پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق طیفی بٹ کو انٹرپول کی مدد سے دبئی سے گرفتار کر کے پہلے کراچی لایا گیا تھا، جہاں سے اسے تفتیش کے لیے بذریعہ سڑک لاہور منتقل کیا جا رہا تھا۔ دورانِ سفر کوٹ سبزل کے قریب نامعلوم حملہ آوروں نے پولیس وین پر حملہ کر دیا,پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران جوابی فائرنگ میں طیفی بٹ ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے,واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے,واضح رہے کہ طیفی بٹ کو گزشتہ روز ہی نجی ایئرلائن کے ذریعے لاہور منتقل کر کے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے حوالے کیا گیا تھا۔ اسے امیر بالاج قتل کیس میں انٹرپول کے ذریعے پہلی بار گرفتار کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ طیفی بٹ کو کسی مقدمے میں گرفتار کیا گیا، اس سے قبل وہ ہمیشہ گرفتاری سے بچتا رہا ہے۔