سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری

سعودی عرب جانے کے خواہش مند مسافروں کے لیے نئی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ یکم نومبر سے سائیکو ٹراپک (Psycho Tropic) ادویات استعمال کرنے والے مسافروں کے لیے سعودی حکومت کو پیشگی اطلاع دینا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایسے مسافر جو نشہ آور یا سائیکو ٹراپک ادویات استعمال کرتے ہیں، انہیں پرواز سے قبل سعودی وزارت صحت کے پورٹل پر اپنی ادویات کی تفصیلات لازمی رجسٹر کرانا ہوں گی۔رپورٹس کے مطابق سعودی ایوی ایشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ یہ ہدایات دنیا بھر کی ایئرلائنز کے مسافروں پر لاگو ہوں گی۔ بغیر رجسٹریشن کے ایسی ادویات سعودی عرب لے جانا یا ان کا استعمال کرنا قانوناً جرم تصور ہوگا۔ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ادویات کے غلط استعمال کی روک تھام اور سعودی ڈرگ کنٹرول سسٹم کو مزید مؤثر بنانا ہے۔