کراچی کے علاقے لانڈھی میں 6 سالہ بچے سعد کے اغوا، زیادتی اور قتل کیس میں خوفناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں گرفتار ملزمان حسن اور سہیل کے اعترافی بیانات ریکارڈ کر لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ملزم حسن نے بیان دیا کہ وہ گوشت کا کام کرتا ہے اور 18 ستمبر کو باڑے کے قریب موجود تھا۔ اس کے ساتھ سہیل بھی تھا۔ اس دوران بچہ خالہ کے گھر سے باہر آیا تو سہیل نے اسے چیز دلوا کر باڑے میں لے آیا۔ملزم حسن نے مزید بتایا کہ باڑے میں پہلے بچے کو جانور دکھائے گئے اور پھر کمرے میں لے جایا گیا۔ کمرے میں پہلے سہیل نے اور پھر اس نے بچے سے زیادتی کی۔ بعد ازاں بچے کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اوپر کپڑا ڈال دیا گیا تاکہ آواز باہر نہ نکلے۔بیان کے مطابق بعد میں سہیل بچے کو کمرے سے باہر لے گیا اور اس کا گلا دبا کر قتل کر دیا۔عدالت نے دونوں ملزمان کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی۔