اسلام آباد — صدر پاکستان آصف علی زرداری نے قومی یومِ مطالعۂ اخبارات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اخبارات ملک میں قومی شعور کی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق باشعور شہری ہی جمہوریت کی اصل بنیاد ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ اخبارات نے ہمیشہ عوام کو باخبر رکھا اور ناانصافیوں کو بے نقاب کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اخبارات محض خبر دینے تک محدود نہیں رہتے بلکہ وہ قارئین کو گہرائی اور تناظر بھی فراہم کرتے ہیں۔آصف علی زرداری کے مطابق دنیا بھر کے بہترین اخبارات نے مختلف چیلنجز کے باوجود ترقی کی ہے اور پاکستان کے اخبارات بھی عوام کے اعتماد اور وفاداری کی بدولت ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔