اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے فیس کی ادائیگی کا نیا اور سہل نظام متعارف کرا دیا۔تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے درخواست منظور ہونے کے بعد شہریوں کو اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ فیس جمع کرانے کے کئی آپشنز فراہم کر دیے گئے ہیں۔ شہری متعلقہ نادرا دفتر میں کیش جمع کرانے کے ساتھ ساتھ جاز کیش، ایزی پیسہ اور ای سہولت کے ذریعے بھی آسانی سے ادائیگی کرسکتے ہیں۔نادرا حکام کے مطابق درخواست جمع کراتے وقت شہری عملے سے راست کیو آر کوڈ حاصل کریں اور اپنی بینکنگ ایپ پر اسکین کر کے بغیر کسی اضافی چارجز کے فیس آن لائن جمع کراسکیں۔یہ تمام سہولتیں ملک بھر میں دستیاب ہیں اور اگر کسی بھی مسئلے یا شکایت کا سامنا ہو تو شہری اپنے موبائل فون سے 1777 پر کال کر کے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔