راولپنڈی: نجی لیبارٹری سے ڈینگی لاروا برآمد، مقدمہ درج

راولپنڈی: راولپنڈی کی ایک نجی لیبارٹری سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر لیبارٹری کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سید پور روڈ پر واقع چغتائی لیب کی چھت پر کھڑے پانی اور جنریٹر کے ساتھ فلٹر میں ڈینگی لاروا کی موجودگی کی نشاندہی پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی مدعیت میں تھانہ بنی پولیس نے مقدمہ درج کیا۔ مقدمے میں محکمہ صحت کے اہلکاروں اور پولیس سے مزاحمت کرنے اور مبینہ طور پر رشوت دینے کی کوشش کا الزام بھی شامل کیا گیا ہے۔محکمہ صحت حکام کے مطابق راولپنڈی میں ڈینگی کے وار تیزی سے جاری ہیں۔ اب تک 8 ہزار 819 مریضوں کی اسکریننگ کی جا چکی ہے جن میں 477 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 20 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ اس وقت مختلف اسپتالوں میں 42 مریض زیر علاج ہیں۔واضح رہے کہ رواں سیزن میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، محکمہ صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور گھروں و دفاتر میں پانی جمع نہ ہونے دینے کی ہدایت کی ہے۔