ترک صدر رجب طیب اردوان نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑ دیا اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے زخمی اور معذور بچوں کی تصاویر پیش کیں۔اپنے خطاب میں اردوان نے کہا کہ اسرائیل گزشتہ 23 ماہ سے غزہ میں ہر گھنٹے ایک بچے کو قتل کر رہا ہے اور فلسطینی بچے اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں۔ترک صدر نے دنیا کے ممالک پر زور دیا کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کریں اور کہا کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ دنیا کی طاقت ور ریاستیں اگر خاموش رہیں گی تو یہ مجرمانہ غفلت شمار ہوگی۔اردوان نے مزید کہا کہ میں ان ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا، اور ان ممالک سے اپیل کرتا ہوں جنہوں نے ابھی تک یہ قدم نہیں اٹھایا کہ وہ فوری طور پر ایسا کریں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اقوام متحدہ کا بنیادی مقصد، جیسا کہ اس کے چارٹر میں درج ہے، دنیا میں امن و سلامتی کا قیام ہے۔