امریکا نے حزب اللہ کے مبینہ مددگار علی قصیر کے سر کی قیمت مقرر کر دی

امریکا نے حزب اللہ کے ساتھ معاونت کرنے کے الزام میں لبنانی نژاد علی قصیر کی نشاندہی پر 10 ملین ڈالر (ایک کروڑ ڈالر) انعام کا اعلان کیا ہے۔امریکی وزارتِ خارجہ کے پروگرام ’ریوارڈ فار جسٹس‘ کے مطابق علی قصیر ’تلاقی گروپ‘ نامی کمپنی میں ایک اعلیٰ عہدے پر فائز ہے، اور اس پر الزام ہے کہ وہ اپنے عہدے کا استعمال کرتے ہوئے حزب اللہ اور ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کو مالی وسائل مہیا کرتا رہا ہے۔اعلان میں کہا گیا کہ علی قصیر نے تیل، فولاد اور غیر قانونی اشیاء کی فروخت کے ذریعے حزب اللہ اور قدس فورس کی مدد کی۔ اس پر حزب اللہ اور پاسدارانِ انقلاب کے درمیان مالی سرگرمیوں کو منظم کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔امریکا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس علی قصیر یا اس کے نیٹ ورک کے بارے میں کوئی معتبر معلومات ہوں تو وہ آگاہ کرے، تاکہ انعام دیا جا سکے۔