امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حاملہ خواتین کو خبردار کیا ہے کہ وہ ٹائلینول (پیراسٹامول) کے استعمال کو محدود کریں کیونکہ اس کے استعمال سے بچوں میں آٹزم کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صدر ٹرمپ نے ٹائلینول اور آٹزم کے درمیان ایک متنازعہ تعلق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی دوا نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں ڈاکٹروں کو جلد ہی ہدایت دی جائے گی کہ وہ حاملہ خواتین کو درد کم کرنے کے لیے اسے تجویز نہ کریں۔ٹرمپ نے کہا کہ دورانِ حمل ٹائلینول گولی کھانے سے بچے میں آٹزم کا خطرہ بڑھ سکتا ہے، اس لیے ایف ڈی اے سختی سے ہدایت جاری کرے گی کہ اگر طبی ضرورت نہ ہو تو حاملہ خواتین اس کے استعمال سے گریز کریں۔ ان کے مطابق یہ دوا صرف شدید بخار کی صورت میں دی جانی چاہیے۔دوسری جانب ٹائلی نول بنانے والی کمپنی Kenvue اور طبی ماہرین نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صدر کے یہ بیانات غیر سائنسی اور خطرناک ہیں۔ برطانیہ کے صحت حکام نے بھی وضاحت کی ہے کہ پیراسیٹامول حاملہ خواتین کے لیے سب سے محفوظ درد کم کرنے والی دوا ہے۔واضح رہے کہ ٹائلینول امریکا، کینیڈا اور کچھ دیگر ممالک میں دستیاب ایک مشہور برانڈ ہے، جس کا فعال جزو ایسیٹامینوفین (acetaminophen) ہے، جو دنیا بھر میں پیراسیٹامول کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بی بی سی کو دیے گئے بیان میں کمپنی نے کہا کہ سائنسی تحقیق واضح طور پر ظاہر کرتی ہے کہ ایسیٹامینوفین کے استعمال سے آٹزم نہیں ہوتا۔