اسلام آباد: وزارتِ صحت نے سرویکل کینسر ویکسینیشن مہم کے خلاف جاری منفی پروپیگنڈے کو ختم کرنے کے لیے سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ صحت جلد مختلف سیاسی اور مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں کرے گی تاکہ انہیں ایچ پی وی ویکسین کے حوالے سے قائل کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں سیاسی و مذہبی قیادت سے مہم کی حمایت اور حق میں بیانات جاری کرنے کی اپیل بھی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق حکومتی وفد مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کرے گا جبکہ شخصیات سے سوشل میڈیا پر ویکسینیشن کی حمایت میں ویڈیو پیغامات دینے کی درخواست بھی کی جائے گی۔ خواتین پارلیمنٹیرینز کو بھی ایچ پی وی ویکسین کے حوالے سے بریفنگ دی جا چکی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن نے عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے خواتین میں رحم کے دہانے کے کینسر (سرویکل کینسر) کا سبب بننے والے ہیومن پیپیلوما وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن مہم کا آغاز کردیا ہے۔یہ مہم گیوی ویکسین الائنس اور یونیسف کے اشتراک سے جاری ہے جس کے پہلے مرحلے میں پنجاب، سندھ، پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر اور اسلام آباد میں 9 سے 14 سال کی بچیوں کو ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔15 سے 27 ستمبر تک جاری رہنے والی مہم میں عالمی ادارہ صحت کے تربیت یافتہ 49 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔ یونیسف کے مطابق پاکستان اب ان 150 سے زائد ممالک میں شامل ہوگیا ہے جہاں عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ ایچ پی وی ویکسین حفاظتی ٹیکوں کے شیڈول میں شامل ہے۔