اختر مینگل سمیت بی این پی کے دیگر رہنماؤں کیخلاف دہشتگردی کا مقدمہ درج

بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سردار اختر مینگل کیخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ جوائنٹ سیکرٹری سینیٹ جمیل احمد کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں سردار اختر مینگل سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی عائد کی گئی ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق اختر مینگل کے ساتھ دیگر 5 افراد نے مسلح ہو کر سینیٹ ہال میں زبردستی گھسنے کی کوشش کی، میرجہانزیب مینگل ،اختر نواز نے مسلح ہو کر سکیورٹی سٹاف کو دھکے دیئے، ملزمان نے زبردستی سینیٹ ہال میں اسلحہ سمیت گھسنے کی کوشش کی۔ رپورٹ کے مطابق بی این پی کے رہنماؤں کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر ) سینیٹ کے جوائنٹ سیکریٹری جمیل احمد کی مدعیت میں درج کی گئی۔ اختر مینگل اور ساتھیوں کے خلاف دہشت گردی سمیت 7 دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔ یاد رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے موقع پر سربراہ بی این پی اختر مینگل کو سینیٹ گیلری سے نکال دیا گیا تھا۔